مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ترکی کے وزیرخارجہ ہاکان فیدان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ خطے اور علاقائی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے ایران اور ترکی کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف پہلوؤں پر بات کی اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں توسیع کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کم کروانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے عراقچی نے کہا کہ علاقائی امن و استحکام کے تحفظ کے لیے مشاورت کو مزید بڑھانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں اسلامی جمہوری ایران کی ہر ممکن مدد کی آمادگی کا بھی اظہار کیا۔
ایرانی وزیرخارجہ نے حالیہ ترک فوجی طیارے کے حادثے میں متعدد ترک شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت پیش کی اور لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران ترک وزیرخارجہ ہاکان فیدان نے بھی خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے تمام ممالک کی مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
آپ کا تبصرہ